ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / روس کے ساتھ تعمیری طور پر کام کرنے کا وقت ہے:ڈونالڈ ٹرمپ

روس کے ساتھ تعمیری طور پر کام کرنے کا وقت ہے:ڈونالڈ ٹرمپ

Mon, 10 Jul 2017 22:03:35  SO Admin   S.O. News Service

واشنگٹن،10/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ روس کے ساتھ تعمیری کام کیا جائے۔جمعے کو جی- 20ممالک کے سربراہی اجلاس میں پہلی بار دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی۔ٹرمپ نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ امریکی عام انتخابات میں مداخلت کی خبروں کو پوتن نے پرزور طریقے سے مسترد کیا۔تاہم ٹرمپ اور ان سینئر افسران کے بیانات میں تضاد نظر آیا۔آن لائن سیکورٹی کے معاملے میں روس کے ساتھ پر شراکت کے معاملے کا انکشاف کرنے پر ٹرمپ کو اپنی ہی پارٹی میں تنقید کا سامنا ہے۔اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے کہا کہ امریکہ روس پر بھروسہ نہیں کر سکتا اور وہ کبھی بھی روس پر بھروسہ نہیں کرے گا۔انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ روس سے بات کرنے کا مطلب قطعی یہ نہیں ہے کہ امریکہ اپنے مقاصد سے بھٹک رہا ہے۔ادھر وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا کہ روس کے ساتھ بہتر رشتے میں اب بھی 2016کے انتخابات میں مداخلت کا مسئلہ رکاوٹ بنا ہوا ہے۔امریکہ میں ایک خصوصی تفتیش کار اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ کیا ٹرمپ کے ساتھی بھی گذشتہ نومبر میں ہونے والے امریکی انتخابات کو متاثر کرنے کے لیے روس کی کوششوں میں شامل تھے یا نہیں۔روسی وزیر خارجہ سرگئے لاوروف نے کہا کہ ٹرمپ نے پوتن کے تردید کو قبول کیا،جبکہ ٹلرسن نے کہا کہ اس معاملے پر دونوں رہنماؤں کے درمیان بہت مثبت بات چیت ہوئی۔اتوارکو اپنے سلسلہ وار ٹوئٹس میں ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے مداخلت کے مسئلے پر دو بار روسی صدر سے پوچھا اور پوتن نے پرزور طریقے سے اس کی تردید کی۔
 


Share: